نصف صدی تک خدمات انجام دینے والے پاکستان نژاد سعودی ڈاکٹر نور خان کی تدفین
نصف صدی تک خدمات انجام دینے والے پاکستان نژاد سعودی ڈاکٹر نور خان کی تدفین
جمعہ 2 اگست 2024 18:08
ڈاکٹر نورخان نے شاہی معالج کے طور پر بھی خدمات انجام دیں (فائل فوٹو)
معروف پاکستان نژاد سعودی ڈاکٹر نور محمد نور خان کو جمعے کو حفر الباطن کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
ڈاکٹر نور خان وہ پہلے پاکستانی ڈاکٹر تھے جو 60 کی دہائی کے آغاز میں مملکت آئے تھے انہیں حفرالباطن کے پہلے ڈاکٹر ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔
ڈاکٹر نورخان امریکہ گئے تھے جہاں ان کی طبیعت خراب ہوگئی انہیں ہسپتال میں داخل کیا گیا مگر طبیعت مزید بگڑنے پر سعودی ایئرایمبولینس کے ذریعے ریاض منتقل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر نورخان نے شاہی معالج کے طور پر بھی خدمات انجام دیں انہیں ان کی مثالی خدمات پرسعودی شہریت دی گئی تھی۔
انہوں نے طب کے شعبے میں نصف صدی سے زیادہ عرصے تک اپنی تمام مہارتیں حفر الباطن کے عوام کی خدمت کےلیے وقف کیں۔
ڈاکٹر نور کا شمار حفر الباطن کی اہم شخصیات میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ لوگوں کی خدمت کی جس کی وجہ سے آج بھی لوگ ان کی خدمات کے معترف ہیں۔