Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئر کنڈیشنر کے مسلسل استعمال سے صحت پر منفی اثرات

ایئرکنڈشنرز کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو اس میں گرد و غبار گردش کرنے لگتے ہیں (فائل فوٹو: پکسابے)
موسم گرما میں ایئر کنڈیشنرز (اے سی) کا استعمال نسبتاً زیادہ ہو جاتا ہے۔
یہ ایک مفید اور راحت پہنچانے والی مشین ضرور ہے لیکن اس کے مسلسل استعمال کے انسانی جسم پر منفی اثرات بھی پڑ سکتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ایئر کنڈیشنر کا مسلسل استعمال انسانی صحت کے ساتھ ساتھ ماحول پر بھی منفی اثرات ڈالتا ہے۔
1۔ جلد کی خشکی
ایئر کنڈیشنر ہوا میں نمی کی مقدار کو کم کر دیتا ہے جس کے نتیجے میں جلد خشک ہو جاتی ہے۔ جلد خشک ہونے سے خارش ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ ناک اور گلے کے لیے ضروری رطوبت بھی کم ہو جانے سے سانس کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
2۔ سانس کے مسائل
مسلسل مصنوعی ٹھنڈے ماحول میں رہنا سانس کے مسائل جیسا کہ دمہ اور پھیھپڑوں کے ورم کا سبب بن سکتا ہے۔ اس وجہ سے سینے میں جلن کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔
3۔ الرجک ری ایکشنز
اگر ایئرکنڈیشنرز کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو اس میں گرد و غبار اور دیگر الرجین گردش کرنے لگتے ہیں۔ کمرے کی فضا میں ان ذرات کی وجہ سی چھینکیں، کھانسی اور آنکھوں میں پانی آ جاتا ہے۔
4۔ سر درد اور چکر آنا
ایئر کنڈیشنڈ ماحول میں رہنے اور باہر جانے سے درجہ حرارت میں مسلسل تبدیلیاں ہوتی ہیں جو سر درد اور چکر کا سبب بن سکتی ہیں۔
جسم کو درجہ حرارت کے اس اتار چڑھاؤ کے ساتھ مسلسل ایڈجسٹ کرنا پڑتا ہے جو جسم پر دباؤ ڈال سکتا ہے اور تکلیف کا باعث بن سکتا ہے۔
5۔ تھکاوٹ اور سستی
طویل عرصے تک ایئر کنڈیشنڈ ماحول میں رہنا تازہ ہوا اور آکسیجن کی کمی کا باعث بن سکتا ہے جس سے تھکاوٹ اور سستی کا احساس ہوتا ہے۔
مسلسل سرد ماحول بھی جسم کو گرم رہنے کے لیے زیادہ توانائی استعمال کرنا پڑ سکتا ہے۔
6۔ پانی کی کمی
اے سی ہوا اور جسم سے نمی کو ہٹا کر پانی کی کمی کا باعث بن سکتا ہے۔ نمی میں یہ کمی منہ کی خشکی، پیاس اور کم پیشاب آنے جیسی علامات کا سبب بن سکتا ہے۔

طویل عرصے تک ایئر کنڈیشنڈ ماحول میں رہنا تازہ ہوا اور آکسیجن کی کمی کا باعث بن سکتا ہے (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)

7۔ انفیکشن کا خطرہ
اگر اے سی کی باقاعدگی سے صفائی نہ کی جائے تو اس کا سسٹم بیکٹیریا اور وائرس کو روکنے میں ناکام رہتا ہے۔ پھر یہ بیکٹریا اور وائرس ہوا کے ذریعے گردش کر سکتے ہیں جس سے لیگیونیریز بیماری جیسے انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
8۔ آنکھوں میں جلن
اے سی کی خشک ہوا آنکھوں میں جلن پیدا کر سکتی ہے جس سے آنکھیں لال ہو جاتی ہیں اور ان میں خارش اور تکلیف ہوتی ہے۔ یہ مسئلہ خاص طور پر کانٹیکٹ لینز پہننے والوں لو پیش آتا ہے۔
نمی کی کمی آنکھوں کو خشک کر سکتی ہے اور آنکھ کے حفاظتی آنسوؤں کی جھلی کو کم کر سکتی ہے۔
9۔ پٹھوں میں درد
ٹھنڈی ہوا پٹھوں کو سکڑنے کا سبب بن سکتی ہے جس سے پٹھوں میں سختی اور درد ہوتا ہے۔

صحت کے ممکنہ خطرات کو کم کرنے کے لیے اے سی یونٹس کی صحیح طریقے سے دیکھ بھال کی جائے (فائل فوٹو: پکسابے)

ایئر کنڈیشنڈ ماحول میں طویل دورانیے تک رہنے کے نتیجے میں پٹھوں بالخصوص گردن اور کمر میں درد اور تکلیف ہو سکتی ہے۔
10۔ اندرونی ہوا کے معیار پر منفی اثر
اے سی یونٹ مناسب وینٹیلیشن کے بغیر اندر کی ہوا کی دوبارہ کمرے میں گردش کا سبب بن سکتے ہیں جس کی وجہ سے آلودگی پیدا ہوتی ہے۔ خراب ہوا صحت کے مختلف مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔
ایئر کنڈیشنرز اگرچہ گرمی سے آرام اور راحت فراہم کر سکتے ہیں لیکن یہ ضروری ہے کہ اسے سمجھداری سے استعمال کیا جائے اور صحت کے ممکنہ خطرات کو کم کرنے کے لیے اے سی یونٹس کی صحیح طریقے سے دیکھ بھال کی جائے۔
اے سی یونٹس کی باقاعدگی سے صفائی، مناسب نمی کی سطح کو برقرار رکھنے اور وینٹیلیشن کو یقینی بنانے سے ان منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

شیئر: