Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اولمپکس: سعودی خاتون ایتھلیٹ دنیا ابو طالب کی ٹائیکوانڈو مقابلے میں اسرائیلی حریف کو شکست

دنیا ابو طالب نے 16ویں راؤنڈ میں کامیابی کے بعد کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پیرس اولمپکس 2024 میں خواتین کے ٹائیکوانڈو مقابلے میں سعودی عرب کی ایتھلیٹ دنیا ابو طالب نے جیت کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
منگل کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے ویمنرز ٹائکوانڈو انڈر 49 کلوگرام ویٹ کلاس کے راؤنڈ آف 16 مقابلے میں دنیا ابو طالب نے اسرائیلی ایتھلیٹ اویشاگ سیمبرگ  کو 1-2 سے شکست دی۔
دنیا ابو طالب مقابلے کا پہلا راؤنڈ 2-6 سے ہار گئی تھیں، دوسرے اور تیسرے راؤنڈ میں انہوں نے اویشاگ سیمبرگ  کو 5-4 اور 10-0 سے شکست دی جس کے بعد اسرائیلی خاتون ایتھلیٹ اشکبار ہوگئیں۔  
دنیا ابوطالب اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے والی سعودی عرب کی پہلی خاتون ہیں۔ انہوں نے پیرس میں منعقد اولمپکس مقابلوں میں نمایاں کارکردگی پیش کی ہے جہاں آج وہ سعودی خواتین کے لیے پہلا میڈل حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
دنیا اب پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجکر 53 منٹ پر تھائی لینڈ کی ایتھلیٹ پانیپک وانگپتا ناکت کا کوارٹر فائنل میں سامنا کریں گی۔ پانیپک اس سے قبل ٹوکیو اولمپکس 2020 میں اس ہی کیٹیگری میں گولڈ میڈل بھی حاصل کر چکی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی نمائندگی کرنے والی دنیا أبو طالب نے اولمپک کھلاڑیوں کے لیے ریاض میں منعقد کیمپ میں شرکت کی، پھر تیونس میں مشق کی اور اب وہ پیرس مقابلوں میں شریک ہیں۔
27 سالہ دنیا ابو طالب کی بچپن سے عالمی محافل میں سعودی عرب کا روشن کرنے کا خواب دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے ٹائیکوانڈو اس وقت سیکھی جب ان کی عمر 8 سال تھی۔
اس سے قبل ایشیا میں منعقد مقابلوں میں انہوں نے کانسی کا تمغہ جیتا جبکہ 2022 میں میکسیکو میں منعقد چیمپئن شپ میں بھی حصہ لیا۔

شیئر: