ڈاکٹر الربیعہ سے پاکستانی ہلال احمر کے چیئرمین کی ملاقات
ملاقات کے موقع پر سعودی ہلال احمر اتھارٹی کے چیئرمین بھی موجود تھے۔ (فوٹو ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ سے جمعرات کو ریاض میں سینٹر کے ہیڈکوارٹر میں پاکستانی ہلال احمر سوسائٹی کے چیئرمین سردار شاہد احمد اور ان کے ہمراہ وفد نے ملاقات کی۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق اس موقع پر سعودی ہلال احمر اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر جلال بن محمد العویسی بھی موجود تھے۔
ملاقات کےدوران امدادی اور انسانی امور سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان میں انسانی ہمدردی کے کاموں میں پیشرفت اور شاہ سلمان مرکز اور سوسائٹی کے درمیان تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر سردار شاہد احمد نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی بدولت کنگ سلمان ریلیف سینٹر دنیا بھر میں مصیبت اور پریشانی میں مبتلا افراد کی مدد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف بحرانوں میں پاکستانی عوام کی مدد پر مملکت اور شاہ سلمان مرکز کے شکر گزار ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں