Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تاریخی استقبال ہو گا‘، اولمپیئن ارشد ندیم آج پاکستان پہنچیں گے

ارشد ندیم کی کامیابی پر پاکستان میں جشن منایا جا رہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اولمپیئن ارشد ندیم آج ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب براستہ استنبول لاہور پہنچیں گے۔
جمعرات کو پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں 92.97 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر ارشد ندیم نے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا تھا۔
ارشد ندیم کوچ سلمان بٹ اور ساؤتھ ایشیئن اتھلیٹکس کے چیئرمین ریٹائرڈ میجر جنرل محمد اکرم ساہی کے ہمراہ لاہور پہنچیں گے۔
اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے ’فخر پاکستان‘ کے استقبال کی تیاریاں  شروع کر دی گئی ہیں۔
سپورٹس بورڈ پنجاب بھی قومی ہیرو کے استقبال کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے۔
ساؤتھ ایشیئن ایتھلیٹکس کے چیئرمین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ارشد ندیم نے قومی کو بڑی خوشی دی ہے، ان کا استقبال بھی تاریخی ہو گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا۔‘
32 سال قبل آٹھ اگست 1992 کو پاکستان نے آخری مرتبہ اولمپکس میں میڈل حاصل کیا تھا۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
پاکستان نے 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں ہاکی کے ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا، تاہم اس کے بعد پاکستان 40 سال تک اولمپکس میں کوئی گولڈ میڈل نہیں جیت سکا تھا۔
اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر نیا ریکارڈ قائم کرنے والے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ’وہ یہ میڈل پوری پاکستانی قوم کے نام کرتے ہیں۔

شیئر: