Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی طرف سے مسجد اقصی کے احاطے پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

خلاف ورزیوں کے نتائج سے متعلق مملکت کے انتباہ کا اعادہ کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے منگل کو مشرقی یروشلم میں مسجد الاقصی کے احاطے میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خاارجہ نے ایک بیان میں مذہبی تقدس کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔ بین الاقوامی قوانین اور یروشلم کی تاریخی حیثیت کی اس طرح کی خلاف ورزیاں جاری رکھنے کے خلاف مملکت کے انتباہ کا اعادہ کیا۔
بیان میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو مشتعل کرنے کے خلاف بھی متنبہ کیا گیا۔
وزارت نے  بین الاقوامی برادری پرزور دیا کہ’ وہ بین الاقوامی قانون اور متعلقہ بین الاقوامی قانونی قراردادوں کی جاری اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کےلیے اپنی ذمہ داری ادا کرے‘۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے منگل کو سیکڑوں اسرائیلیوں کے ہمراہ مسجد کےاحاطے میں داخل ہو کر یہودیوں کی تعطیلات کے موقع پر عبادت کی تھی۔
علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی نے بھی اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے سیکڑوں آبادکاروں کو مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بولنے کی اجازت دینے کی مذمت کی ہے۔
 جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے ان معاندانہ اور بے بنیاد اقدامات کی مذمت کی جو اسلامی مقدسات کی حرمت کو پامال کرتے ہیں۔
انہوں نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے تمام بین الاقوامی اور انسانی قوانین اور روایات کی خلاف ورزیوں کے جاری رہنے کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔

شیئر: