سعودی طلبہ کی برطانیہ میں آکسفورڈ سکالرز پروگرام میں شرکت
پروگرام میں مختلف ورکشاپس اور سرگرمیوں میں شرکت شامل تھی۔(فوٹو: ایس پی اے)
نیشنل اولمپیارڈ فار پروگرامنگ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں گولڈ میڈل جیتنے والے سعودی طلبہ کے ایک گروپ نے برطانیہ میں آکسفورڈ سکالرز پروگرام میں شرکت کا اختتام کیا ہے۔
اس کا اہتمام سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا)، وزارت تعلیم اور شاہ عبدالعزیز فاؤنڈیشن (موھبہ) نے کیا تھا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دو ہفتے کے تربیتی پروگرام کے دوران مڈل اور ہائی اسکول کے 10 طلبہ جن کی عمریں 14 سے 18 سال کے درمیان تھیں پروگرامنگ، مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کی تربیت حاصل کی۔
طلبہ نے عملی مسائل حل کرنے اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز کے اخلاقی مضمرات کو سمجھنے کےلیے الگورتھم کا استعمال کیا۔
اس پروگرا م میں مختلف ورکشاپس اور سرگرمیوں میں شرکت شامل تھی۔
پروگرام کے اختتام پر ٹرینی طلبہ کو اعلیٰ یونیورسٹیوں کے لیے تعلیمی سفارش کے ساتھ برٹش ایکریڈشن کونسل سے سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔
یاد رہے کہ اولمپیارڈ کے آخری مرحلے میں 298 طالب علموں نے حصہ لیا جنہوں نے مقابلے کے لیے رجسٹرڈ 2 لاکھ 60 ہزار طلبہ میں سے کامیابی حاصل کی۔
اس کا مقصد انہیں مسابقتی پروگرامنگ اور مصنوعی ذہانت میں تربیت دینا تھا، جو قومی صلاحیتوں کی تعمیر کے لیے سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق تھا۔