Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اولمپک ای سپورٹس گیمز 2025 کی میزبانی کرے گا

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ساتھ شراکت داری 12 سال کےلیے ہوگی ( فوٹو: ایس پی اے)
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے جمعے کو اعلان کیا کہ سعودی عرب اولمپک ای سپورٹس گیمز 2025 کی میزبانی کرے گا۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ ای سپورٹس گیمز کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی قومی اولمپک کمیٹی کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور سعودی قومی اولمپک کمیٹی کے درمیان شراکت داری 12 سال کے لیے ہوگی۔ اولمپک ای سپورٹس گیمز کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جائے گا۔
انٹرنشنل اولپمک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے کہا ’خوش قسمت ہیں کہ اولمپک ای سپورٹس گیمز میں سعودی نیشنل اولمپک کمیٹی کے ساتھ کام کرنے کے قابل ہوئے۔ ان کے پاس اپنے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ای سپورٹس کے شعبے میں مہارت ہے۔ ہم سعودی عرب کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔‘
سعودی وزیرسپورٹس، سعودی اولمپک اور پیرالمپک کمیٹی کے صدر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے کہا ’ہمارا ماننا ہے اولمپک میں حصہ لینا کسی بھی کھلاڑی کے لیے بڑے اعزازوں میں سے ایک ہے اور ہمیں اولمپک کی تاریخ میں ایک نئے باب کی سپورٹ کرنے پر فخر ہے۔‘
’پہلی مرتبہ ای سپورٹس اولمپک کے انعقاد کے لیے ابھی منصوبہ بندی کرنا اور اولمپک کمیٹی کے ساتھ ابھی بہت کچھ سوچنا ہے لیکن اس ایونٹ کی میزبانی کے لیے پرعزم ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مملکت کی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ 23 ملین سے زیادہ سپورٹس مین ہیں جو نئی سوچ اور شراکت داری کے ساتھ مستقبل کو اپناتے ہیں۔‘
’سعودی ولی عہد کی مدد سے مملکت پروفیشنل ای سپورٹس کا عالمی مرکز بن چکی ہے۔‘
یاد رہے کہ سعودی دارالحکومت ریاض ان دنوں ای سپورٹس ورلڈ کپ کے پہلے ایڈیشن کی میزبانی کر رہا ہے، مقابلے 25 اگست تک جاری رہیں گے۔
 ای سپورٹس ورلڈ کپ سب سے بڑا ایونٹ ہے، بولیوارڈ سٹی میں ایلیٹ ٹیموں کی نمائندگی کرنے والے ڈھائی ہزار پروفیشنل پلیئرز کو ایک جگہ اکھٹا کرتا ہے۔
گیمنگ کی دنیا کے سب سے بڑے انعامات رکھے گئے ہیں جن کی مالیت 60 ملین ڈالر ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں گیمنگ اور ای سپورٹس انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے جس میں ملکی گیم ڈویلپرز اور خطے میں عالمی سطح کے مقابلوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بڑی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

شیئر: