پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی ایکسپو کا آغاز، سعودی عرب سمیت 17 ممالک شامل
کراچی کے ایکسپو سینٹر میں پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی اور ٹیلی کام ایکسپو اور کانفرنس، آئی ٹی سی این ایشیا کے 25ویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا ہے۔ تین روزہ نمائش میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں شریک ہیں جن میں عالمی برانڈز جیسے گوگل، ٹک ٹاک، مائیکروسافٹ، اوڈو، ہواوے، پی ٹی سی ایل اور ایزی پیسہ سمیت 750 کمپنیاں شامل ہیں۔
نمائش کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ آئی ٹی سی این ایشیا کے ساتھ ورلڈ سی آئی او 200 سمٹ کا دوسرا ایڈیشن بھی منعقد ہوگا۔ یہ عالمی ایونٹ 55 ممالک میں منعقد کیا جاتا ہے جس کے ذریعے پاکستان کی عالمی ٹیکنالوجی کے میدان میں پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔
توقع ہے کہ آئی ٹی سی این ایشیا سے سرمایہ کاری اور کاروبار میں 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی آمدنی ہوگی جو پاکستان کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
اس تقریب میں ٹیک سیکٹر سے تعلق رکھنے والے 300 سے زائد مقررین اور صنعت سے وابستہ 70 ہزار افراد شرکت کریں گے، جن میں سعودی عرب، چین، سنگاپور، آذربائیجان، بحرین، ایران، مصر، متحدہ عرب امارات سمیت 17 ممالک کے 350 غیر ملکی مندوبین شامل ہیں۔
آئی ٹی سی این ایشیا میں متعدد اہم کانفرنسیں اور سمٹس بھی منعقد کیے جائیں گے جن میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کانفرنس، انوسٹر سمٹ، ڈیجیٹل بینکنگ کانفرنس، انفارمیشن سکیورٹی کانفرنس، کلاؤڈ اینڈ ڈیٹا سینٹر کانفرنس، سٹارٹ اپ کانفرنس، ای کامرس کانفرنس، گیمنگ اینڈ اینی میشن سمٹ، بلاک چین کانفرنس اور ورلڈ CIO 200 سمٹ شامل ہیں۔ ان سیشنز میں ملکی اور غیر ملکی ماہرین اپنے تجربات اور مہارت کا تبادلہ کریں گے۔
اس موقع پر ایچ آر ویز کی سی ای او ردا شمیم نے کہا کہ خلیجی ممالک میں آئی ٹی کے شعبے میں بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’سافٹ ویئر کی سہولت فراہم کرکے ہم کسی بھی ادارے کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی نے نہ صرف کئی چیزوں کو آسان بنایا ہے بلکہ نئی ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کیے ہیں۔‘
ہیگزیلیزی کے سی ای او سید سعد علی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں آئی ٹی کے شعبے میں کافی کام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کے لیے عربی سافٹ ویئر کی زبان سمجھنا آسان ہے اور اگر مزید توجہ دی جائے تو آنے والے دنوں میں اس صورتحال میں مزید بہتری ممکن ہے۔