سعودی عرب نے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں مملکت کی جانب سے ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کو مسترد کرنے کے ٹھوس موقف کا اعادہ کیا۔
وزارت نے بیان میں متاثرین کے اہل خانہ، پاکستان کی حکومت اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں مسلح افراد کی جانب سے صوبے کے مختلف مقامات پر بیک وقت کیے گئے حملوں میں 38 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کر کے 12 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
حکام کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب شدت پسندوں نے بیک وقت موسیٰ خیل، مستونگ، قلات، لسبیلہ، کچھی اور گوادر میں بڑے حملے کیے جن میں لیویز، پولیس تھانوں، سکیورٹی فورسز کے کیمپوں اور سرکاری املاک کو نشانہ بنایا گیا۔