اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے پاکستان کا دوسرا اعلٰی ترین سول ایوارڈ
جمعرات 29 اگست 2024 18:38
ریڈیو پاکستان کے مطابق ’صدر آصف علی زرداری نے ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نوازا (فوٹو: پریذیڈنٹ آفس)
ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے پر پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے سول ایوارڈ ہلال امتیاز سے نوازا گیا ہے۔
ارشد ندیم نے طویل ترین جیولن تھرو کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا اور انہیں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق ارشد ندیم کی فتح اس لیے زیادہ متاثر کن ہے کیونکہ وہ پنجاب کے ایک گاؤں میں کچے اینٹوں کے مکان میں پیدا ہوئے اور وہیں ان کی پرورش ہوئی۔ انہوں خود سے تیار کیے جیولن سے گندم کے کھیتوں میں میں تربیت حاصل کی۔
ارشد ندیم پہلے کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ کسی اور کھیل کا ایتھلیٹ ہونا مشکل ہے جہاں ان کے کھیل کے لیے وسائل اور سہولیات کی کمی ہے۔
لیکن اب پیرس میں 92.97 میٹر جیولن تھرو کا ریکارڈ توڑ کر پاکستان کو 1992 کے بارسلونا گیمز کے بعد پہلا اولمپک تمغہ اور 1984 کے لاس اینجلس گیمز کے بعد پہلا گولڈ میڈل ملا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ’صدر آصف علی زرداری نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس-2024 میں شاندار کامیابی کے اعتراف میں ہلال امتیاز سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ آج جمعرات کو اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب میں دیا گیا۔‘
27 سالہ ارشد ندیم کے دو بچے ہیں اور وہ خانیوال کے ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جہاں انہوں نے اولمپک جیتنے کا خواب دیکھنا شروع کیا۔
کھیلوں کی مناسب سہولیات تو درکنار ان کے ضلعے میں بمشکل پانی اور بجلی کی سہولیات میسر ہیں۔
ارشد ندیم پیرس سے وطن واپس آئے تو واٹر کینن کی سلامی دی گئی اور ہزاروں مداحوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ ’میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔ میں اپنے والدین اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس کے پیچھے میری اور میرے کوچ سلمان بٹ کی بہت محنت ہے۔‘