Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ سیریز: پاکستان پر بنگلہ دیش کے ہاتھوں وائٹ وائش کے بادل منڈلانے لگے

ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستان کی دوسری اننگز کے دوران 5 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کےچوتھے روز کے کھیل کے دوران پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 
پاکستان نے چوتھے دن کا آغاز دو وکٹوں کے نقصان پر 9 رنز سے کیا تھا۔

پاکستان کی اننگز

پاکستتان ٹیم نے 9 رنز اور 2 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا تو 47 کے مجموعی سکور پر اوپنر صائم ایوب 20 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ اس کے بعد کپتان شان مسعود 62 کے مجموعی سکور پر 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان شان مسعود کے بعد تجربہ کار بلے باز بابر اعظم بھی اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 11 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ بابراعظم پوری سیریز میں اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے۔
نائب کپتان سعود شکیل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 43 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار گئے اور حسن محمود کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ 136 کے مجموعی اسکور پر محمد علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
سلمان علی آغا جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ابرار احمد 2 اور میر حمزہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری نہیں بنا سکا۔
بنگلہ دیشی بولر حسن محمود نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ناہید رانا نے 4 اور تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، خرم شہزاد، محمد علی، ابرار احمد اور میر حمزہ شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں شادمان اسلام، ذاکر حسین، نجم الحسین شانتو (کپتان)، مومن الحق، مشفیق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن داس، مہدی حسن میراز، حسن محمود، تسکین احمد اور ناہید رانا شامل ہیں۔

شیئر: