اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 78.1 اوورز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن کمار نے 138، مہدی حسن میراز نے 78 جبکہ حسن محمود نے 13 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 جبکہ میر حمزہ اور آغا سلمان علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگز میں پاکستان نے بنگلہ دیش پر 12 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
بنگلہ دیش کی پہلی اننگز
بنگلہ دیش نے میچ کے تیسرے دن کا آغاز 10 سکور پر بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے کیا۔
تیسرے دن کی صبح پاکستانی بولر خرم شہزاد کے لیے شاندار ثابت ہوئی جب انہوں نے یکے بعد دیگرے تین بنگلہ دیشی بیٹرز کو پویلین بھیج دیا۔
خرم شہزاد کے سامنے بنگلہ دیشی ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا۔
خرم شہزاد نے بنگلہ دیشی ٹاپ آرڈر کے تین بیٹرز شادمان اسلام، ذاکر حسین اور کپتان نجم الحسین شانتو کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کو چوتھی کامیابی مومن الحق کی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ ایک رن بنا کر میر حمزہ کی گیند پر محمد علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بنگلہ دیش کا پانچواں نقصان 26 کے ٹیم سکور پر ہوا جب مشفیق الرحیم تین رن بنا کر میر حمزہ کا میچ میں دوسرا شکار بن گئے۔
پاکستان کو چھٹی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور یوں شکیب الحسن صرف دو رن بنا کر خرم شہزاد کی وکٹ بن گئے۔
چھ وکٹیں گرنے کے بعد بنگلہ دیش پر فالو آن کا خطرہ منڈلانے لگا تاہم ساتویں وکٹ کے لیے مہدی حسن میراز اور لٹن داس کے درمیان 165 رنز کی عمدہ شراکت قائم ہوئی۔
اس شراکت نے میچ کو پاکستان سے ایک مرتبہ پھر دور کر دیا۔
پاکستانی بولرز ساتویں وکٹ کے لیے دوڑ دھوپ کرتے رہے تاہم مہدی حسن اور لٹن داس نے کسی بھی بولر کی ایک نہ چلنے دی۔
پاکستان کو ساتویں وکٹ طویل انتظار کے بعد 191 رنز پر ملی جب مہدی حسن میراز خرم شہزاد کی گیند پر اُن ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو اگلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور چائے کے وقفے سے کچھ منٹ قبل تسکین احمد خرم شہزاد کی گیند پر ایک رن بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
بنگلہ دیشی وکٹ کیپر بیٹر لٹن کمار میچ کے تیسرے دن مرد بحران ثابت ہوئے۔
لٹن کمار نے پاکستانی بولرز کے سامنے تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمدہ سینچری سکور کی۔
لٹن کمار کی اس اننگز کے باعث بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان کا پہلی اننگز کا خسارہ کم کرنے میں کامیاب ہوئی۔
پاکستان کو نویں وکٹ 262 رنز پر ملی جب لٹن کمار آغا سلمان علی کی گیند پر 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
بنگلہ دیش کی آخری گرنے والی وکٹ ناہید رانا کی تھی جو صفر کے سکور پر آغا سلمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، خرم شہزاد، محمد علی، ابرار احمد اور میر حمزہ شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں شادمان اسلام، ذاکر حسین، نجم الحسین شانتو (کپتان)، مومن الحق، مشفیق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن داس، مہدی حسن میراز، حسن محمود، تسکین احمد اور ناہید رانا شامل ہیں۔