سعودی ڈپٹی وزیر حج ڈاکٹر بدر نے بدھ کو جدہ سے پاکستان کے سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر کے ساتھ زوم مشاورتی اجلاس کیا۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران گذشتہ حج انتظامات سمیت حج 2025 کی تیاری اور سعودی تعلیمات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں مشاعر مقدسہ میں بلا اجازت داخلے اور غیر قانونی حج کی ممانعت پر موثر آگاہی پر اتفاق کیا گیا۔
عازمینِ حج کی آسانی کے لیے سعودی پاک بین الوزارتی رابطے کو مزید موثر اور تیز تر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ حجاج کی سہولت و آسانی کے لیے سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حج پالیسی 2025 کا مسودہ تیار ہے اور کابینہ سے منظوری کے بعد درخواستوں کی وصولی اعلان کیا جائے گا۔
سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ سعودی ہدایات کے مطابق حج انتظامات کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔
عازمینِ حج کو سعودی وزارتِ حج کے براہ راست رابطہ اور شکایات نمبر سے آگاہی دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی تعلیمات کے مطابق پاکستانی عازمینِ حج کی جسمانی صحت کے مطلوبہ معیار کو یقینی بنائیں گے۔