پاکستان کے ڈیجیٹل بینک نے فری لانسرز کے لیے ڈالر اکاؤنٹ لانچ کر دیا
جمعرات 5 ستمبر 2024 16:15
پاکستان میں ایک اندازے کے مطابق 40 لاکھ فری لانسرز موجود ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے ایک ڈیجیٹل بینک ’زندگی‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے پاکستان میں فری لانسرز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ان کے لیے امریکی ڈالر اکاؤنٹس لانچ کیے ہیں۔
بینک کے مطابق پاکستان میں ایک اندازے کے مطابق 40 لاکھ فری لانسرز موجود ہیں، اور یہ اقدام فری لانسرز کو درپیش اہم مالیاتی انتظامی چیلنجز کو حل کرتا ہے۔ فری لانسرز کی اتنی بڑی تعداد کے باوجود انہیں گاہکوں سے ادائیگیوں کے انتظام اور وصولی میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
فری لانسرز کے لیے امریکی ڈالر اکاؤنٹ کا مقصد بغیر کسی رکاوٹ کے عالمی لین دین کی سہولیات فراہم کر کے اس فرق کو پُر کرنا ہے، جس سے امریکی ڈالر میں ادائیگیوں کو براہ راست اکاؤنٹ میں جمع کرایا جا سکتا ہے، اور ضرورت کے مطابق پاکستانی کرنسی میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
بینک کے اعلٰی عہدے دار نعمان اظہر کا کہنا تھا کہ ’ہمارا فری لانسرز کے لیے امریکی ڈالر اکاؤنٹ پاکستان کی فری لانس کمیونٹی کو بااختیار بنانے کے لیے ’زندگی‘ کے عزم کی مثال ہے۔ فری لانسرز کو اب برانچوں میں نہیں آنا پڑے گا، اور نہ ہی غیرمتعلقہ سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
اس سے قبل رواں برس مئی میں ’زندگی‘ نے حج صارفین کو سلس حج کارڈ فراہم کرنے کے لیے مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی، مائی ٹی ایم، جے ایس بینک اور ماسٹر کارڈ کے ساتھ شراکت داری کی تھی۔