Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے 9 ریجنوں میں بارش کا امکان

طائف، الخرمہ، تربہ، رنیہ اور دیگر میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج منگل کو مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ، ریاض، جازان، عسیر، باحہ، حائل، نجران اور قصیم میں بارش کا امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کے طائف، الخرمہ، تربہ، رنیہ، قنفذہ، اللیث، میسان اور دیگر میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔
’اس کے ساتھ بعض علاقوں میں تیز ہوا چلے گا جبکہ رات 8 بجے تک موسم میں اتار چڑھاؤ رہے گا‘۔
مدینہ منورہ ریجن کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’الحناکیہ اور المہد میں  رات 8 بجے تک تیز ہوا اور مطلع گرد آلود رہے گا جبکہ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’جازان، عسیر اور الباحہ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوگی جبکہ تیز ہوا کے باعث گرد اٹھے گی  اور حد نگاہ متاثر رہے گی‘۔
’بالائی علاقوں میں دن بھر مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ باحہ کے بلند علاقوں میں  رات 9 بجے تک گرج چمک کی شدت ہوگی‘۔
’عسیر میں بھی کم و بیش یہی کیفیت ہوگی جہاں النماص، بلقرن، تنومہ، المجاردہ، بارق، رجال المع ، محایل اور ابہا میں گرج چمک کی شدت، تیز ہوا اور بارش ہوگی‘۔
’بحیرہ احمر میں شمال مغربی ہوا چلے گی جس کی رفتار 10 سے 28 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی جبکہ سمندر کے وسطی حصے میں ہوا کی رفتار 60 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے‘۔
’جبکہ خلیج عربی میں 10 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی جبکہ ایک دو دو میٹر اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔

شیئر: