مکہ مکرمہ سمیت متعدد ریجنوں میں مطلع گرد آلود، حد نگاہ متاثر
’الجموم، بحرہ، الکامل اور خلیص میں 40 اور 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج بدھ کو مکہ مکرمہ ریجن کے بیشتر شہروں میں مطلع گرد آلود ہونے کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’الجموم، بحرہ، الکامل اور خلیص میں 40 اور50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوا چلے گی‘۔
’مذکورہ علاقوں میں یہ کیفیت شام 6 بجے تک رہے گی جس سےجدہ سمیت قرب و جوار کے شہر بھی متاثر ہوسکتے ہیں‘۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’اس سے ملتی جلتی کیفیت مگر کم شدت کے ساتھ مدینہ منورہ ریجن کے الرایس اور ینبع میں بھی ہوگی‘
’مشرقی ریجن کے متعدد شہروں میں آج گرد وغبار کا طوفان ہوگا جس سے الخفجی، حفر الباطن اور الاحسا زیادہ متاثر ہوں گے‘۔
ریاض ریجن کے حوالے سے محکمے نے کہاہے کہ ’الافلاج، الخرج اور ریاض شہر میں تیز ہوا چلے گی‘۔
’عسیر اور الباحہ میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوگی اور بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہوگا‘۔