Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی انعامی سکیم کےلیے نئی شرائط، خلاف ورزی پر قید اور جرمانہ

خلاف ورزی پر تین برس قید یا دس لاکھ  ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی( فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت تجارت کا کہنا ہے تجارتی انعامی مسابقے کا اعلان کرنے سے قبل وزارت سے باقاعدہ لائسنس حاصل کرنا ضروری ہے۔
لائسنس کے بغیرکسی بھی نوعیت کی انعامی سکیم جاری کرنا تجارتی جعل سازی شمار کی جائے گی۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت نے انعامی مقابلوں کے لیے نئے ضوابط جاری کرتے ہوئے ان کی پابندی کرنے پرزوردیا ہے۔
 شرائط  میں کہا گیا ہے کہ انعامی مقابلوں کا انعقاد کرنے والے این او سی حاصل کرنے کےلیے وزارت کے مقررکردہ ضوابط کے پابند ہوں گے۔
کوئی بھی انعامی مقابلہ 60 دن سے زیادہ مدت کا نہ ہو جبکہ سال میں زیادہ سے زیادہ دو بار مقابلہ منعقد کیا جاسکے گا۔
مقابلے میں رکھے جانے والے انعاموں کے بارے میں وضاحت کی جائے جبکہ جس کمپنی کی جانب سے مقابلہ منعقد کیا جارہا ہو اس کے بارے میں بھی مکمل معلومات جاری کرنا ضروری ہے۔
مقابلے میں کسی قسم کے کوپن کی خریداری یا شرکت کےلیے فیس مقرر نہ کی جائے۔ کوپن یا مقابلے کا ٹوکن جس مصنوعات میں رکھا جائے اس کی قیمت میں اضافہ کرنا ناقابل قبول ہوگا۔
جس کمپنی یا ادارے کی جانب سے مقابلے کااعلان کیا گیا ہو اس کے ذمہ دار یا کارکن مقابلے میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔
مقابلے کے انعام جیتنے والوں کو زیادہ سے زیادہ 7 دن کے اندر جیتا گیا انعام دیا جائے۔ انعامی مقابلے کا اعلان کرتے وقت وزارت کی جانب سے حاصل کردہ این او سی نمبر بھی درج کیا جائے۔
مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی پر تین برس قید یا دس لاکھ  ریال تک جرمانے  یا دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔
وزارت تجارت کی ٹیمیں انعامی مقابلوں کی نگرانی کرتی ہیں تاکہ اس حوالے سے کسی بھی خلاف ورزی کی روک تھام بروقت کی جاسکے۔

شیئر: