Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کی فلسطینی علاقے ’الاغوار‘ میں اسرائیلی دراندازی کی مذمت

عالمی برادری فلسطینی مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی وزارت خارجہ نے اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے فلسطینی علاقے ’ الاغوار‘ میں کی جانے والی صریح دراندازی کو مسترد کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی کی کوشش قرار دیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی عالمی قوانین و ضوابط  کی خلاف ورزی ہے جس کا مقصد غیرقانونی طریقے سے آباد کاری میں توسیع کرنا ہے۔
مملکت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اس قسم کی خلاف ورزیاں حالات پرسکون بنانے اورفلسطینی شہریوں کی حمایت کے لیے کی جانے والی کوششوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گی ۔
سعودی عرب کی جانب سے جاری بیان میں اپنے موقف کی تجدید کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہم اس بات پریقین رکھتے ہیں کہ غزہ پٹی میں جاری جارحیت کو روکنے ، قابض افواج کے انخلا کے ساتھ بے گھرفلسطینی عوام کی واپسی ہی مسئلے کے حل کے لیے اہم ہے۔
مملکت کی جانب سے عالمی برادری سے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا گیا ، بین الاقوامی برادری فلسطنی سرزمین پراسرائیلی تجاوزارت کا خاتمہ کرانے اور برادر فلسطینی عوام کے مصائب و مشکلات کو کم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ عامی برادری اسرائیل کی جانب سے جاری خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فعال کردار ادا کرے تاکہ خطے میں امن کےلیے کی جانے والی کوششوں کو نقصان نہ پہنچے۔

شیئر: