Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران میں تین پولیس اہلکار ہلاک، حملے کی ذمہ داری جہادی گروپ نے قبول کر لی

نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق پولیس افسران کو ایک پیٹرول سٹیشن پر نشانہ بنایا گیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں ہونے والے ایک حملے میں تین پولیس افسران ہلاک ہو گئے ہیں جس کی ذمہ داری جہادی گروپ نے قبول کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے کہا ہے کہ ’صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقے میرجاوہ میں مسلح مجرموں کے حملے میں پولیس فورس کے تین اہلکار ہلاک اور ایک شہری زخمی ہوا ہے۔‘
صوبہ سیستان و بلوچستان کا شمار ایران کے غریب ترین علاقوں میں ہوتا ہے جہاں سنی مسلک سے تعلق رکھنے والی اقلیتی بلوچ کمیونٹی کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے۔
نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق پولیس افسران کو ایک پیٹرول سٹیشن پر نشانہ بنایا گیا۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے سنی جہادی گروپ جیش العدل نے سوشل میڈیا ایپ ٹیلی گرام پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
اسی گروپ نے گزشتہ ماہ صوبہ سیستان و بلوچستان میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی جس میں کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کو قتل کیا گیا تھا۔
جبکہ اسی علاقے میں رواں سال اپریل میں دو حملے ہوئے جس میں سکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار ہلاک ہو ئے تھے۔

شیئر: