سابق امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب فائرنگ کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنے قریب ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ مزید تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔
رؤئٹرز فوری طور پر اس بات کا تعین نہیں کر سکا کہ جب بیان جاری کیا گیا تو ٹرمپ کہاں تھے۔ جبکہ انتخابی مہم کے ترجمان سٹیون چیونگ نے بھی کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔
سابق امریکی صدر پر رواں برس 13 جولائی کو پنسلوینیا میں قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔
دوسری جانب وال سٹریٹ جرنل نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اتوار کو پام بیچ میں تھے جہاں ان کا مار-اے-لاگو کلب واقع ہے۔