بالی وُڈ کی امیر ترین اداکارہ جوہی چاولہ کے پاس کتنی دولت ہے؟
جوئی چاولا کا شمار انڈیا کی پہلی سیلف میڈ 10خواتین میں ہوتا ہے (فائل فوٹو:انسٹاگرام)
انڈیا سے تعلق رکھنے والے ریٹنگ کے ایک ادارے ہورن انڈیا نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں انڈیا کے ان لوگوں کی فہرست شامل ہے جو اربوں روپے کے مالک ہیں۔
ہورن انڈیا کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں ایک ہزار 539 افراد شامل ہیں اور اس فہرست میں شامل ہر ایک فرد کی انفرادی دولت انڈین کرنسی میں ایک ہزار کروڑ سے زیادہ ہے۔
جوہی چاولہ اور شاہ رخ خان سمیت بالی وُڈ کی کئی دوسری شخصیات بھی سب سے ذیادہ دولت مند افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔
انڈیا کی سب سے امیر اداکارہ کون ہیں؟
ہورن انڈیا کی امیر افراد کی فہرست میں سب سے ذیادہ دولت مند اداکارہ جوہی چاولہ ہیں۔
ان کا شمار انڈیا کی ٹاپ ٹین سیلف میڈ خواتین میں ہوتا ہے اور رپورٹ کے مطابق اس وقت جوہی چاولہ کی کُل دولت کا تخمینہ انڈین کرنسی کے مطابق چار ہزار چھ سو کروڑ کے لگ بھگ ہے۔
جبکہ بالی وُڈ اداکاروں میں جوہی چاولہ شاہ رخ خان کے بعد سب سے ذیادہ دولت رکھنے والی شخصیت ہیں۔
شاہ رخ خان کی کل دولت انڈین کرنسی میں سات ہزار کروڑ سے زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق جوہی چاولہ کی دولت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کلکتہ نائٹ رائڈرز(کے کے آر) کی ملکیت میں ان کے خاوند جے مہیتا اور دوست اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ شراکت داری ہے۔
فوربز کے مطابق کے کے آر کی مالیت 2022 میں 1.1 بلین ڈالر تھی جو کہ انڈین کرنسی میں نو ہزار ایک سو39 کروڑ بنتی ہے۔
زی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق جوہی چاولہ اپنے شوہر جے مہتا کے ساتھ ممبئی کی مہنگی ترین جگہوں میں سے ایک ملبر ہلز میں رہتی ہیں۔
جبکہ ان کے پاس آسٹن مارٹن ریپڈ سے لے کر بی ایم ڈبلیو سیریز7 اورجیگ وار ایکس جے جیسی کئی لگژری گاڑیاں ہیں۔
1984 میں مس انڈیا کا ٹائٹل جیتنے کے بعد جوہی چاولہ نے اپنی اداکاری کا آغاز 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سلطنت‘ سے کیا تھا۔ جوہی چاولہ نے 1988 میں ریلیز ہونے والی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ میں عامر خان کے ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا۔