وزارت بلدیات و دیہی امور و ہاؤسنگ کا نام تبدیل، شاہی فرمان جاری
اتوار 21 جولائی 2024 21:35
نیا نام وزارت بلدیات و ہاؤسنگ کردیا گیا ہے۔ (فوٹو عاجل)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اتوار کو ایک حکم جاری کیا ہے جس کے تحت وزارت بلدیات و دیہی امور و ہاؤسنگ کے نام میں ترمیم کر دی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین نے فرمان جاری کیا ہے کہ وزارت بلدیت و دیہی و ہاؤسنگ کا نام تبدیل کرکے اسے وزارت بلدیات و ہاؤسنگ کردیا گیا ہے۔
اس موقع پر بلدیات و ہاؤسنگ کے وزیر ماجد الحقیل نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو وزارت کے نام میں ترمیم پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
الحقیل کا کہنا ہے کہ نئے اقدامات سے مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقی یافتہ شہری ماحول تیار کرنے کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
الحقیل نے کہا کہ وزارت اس سلسلے میں اپنی مجموعی کارکردگی کی سطح کو بلند کرے گی اور میونسپلٹیوں کو اس قابل بنائے گی کہ وہ شہروں میں معیار زندگی کو بلند کرے اور جدید ہاؤسنگ سیکٹر کو ترقی دینے میں اپنا حصہ ڈالے۔
واضح رہے کہ وزارت بلدیات و دیہی امور کا قیام شاہی فرمان کے ذریعے 1975 میں عمل میں آیا تھا اور 4 سال قبل وزارت ہاؤسنگ کو اس میں ضم کردیا گیا تھا جس کے بعد یہ وزارت بلدیات و دیہی امور و ہاؤسنگ بن گئی تھی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں