اسرائیلی فوج کا رام اللہ میں الجزیرہ کے دفتر پر دھاوا، 45 دن کی بندش کا حکم
فوٹیج میں بھاری مسلح اور نقاب پوش فوجی اہلکاروں کو دفتر میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے (فوٹو:الجزیرہ)
اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں واقع قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے دفتر پر دھاوا بولا اور آئندہ 45 دن تک کام بند کرنے کا حکم دے دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے الجزیرہ کے مغربی کنارے کے بیوروچیف ولید العمری کو بتایا کہ ’الجزیرہ کو 45 دنوں کے لیے بند کرنے کا عدالتی حکم ہے۔‘
الجزیرہ کی نشر کی گئی فوٹیج میں اسرائیلی اہلکار کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’میں آپ سے کہتا ہوں کہ اپنے تمام کیمرے لے جائیں اور اسی وقت دفتر سے نکل جائیں۔‘
فوٹیج میں بھاری مسلح اور نقاب پوش فوجی اہلکاروں کو دفتر میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
براڈکاسٹر نے کہا کہ فوجیوں نے بندش کے حکم کی کوئی وجہ فراہم نہیں کی۔
یہ اقدام الجزیرہ کے خلاف اسرائیل کی تازہ ترین کارروائی تھی۔
گذشتہ ہفتے اسرائیل کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ ملک میں الجزیرہ کے صحافیوں کی پریس دستاویز کو منسوخ کر رہی ہے۔
اسرائیلی فوج نے بارہا قطری نیٹ ورک کے صحافیوں پر الزام لگایا ہے کہ وہ غزہ میں حماس یا اس کی اتحادی اسلامی جہاد سے وابستہ ’دہشت گرد ایجنٹ‘ ہیں۔
الجزیرہ نے اسرائیلی حکومت کے الزامات کی تردید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل منظّم طریقے سے غزہ کی پٹی میں اس کے ملازمین کو نشانہ بناتا ہے۔