Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک آئی ایس آئی کے نئے سربراہ مقرر

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں۔
پاکستانی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو انٹر سروسز انٹیلی جنس ایجنسی کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کا شمار اس وقت کے سینیئر ترین پاکستانی جرنیلوں میں ہوتا ہے اور وہ 30 ستمبر کو اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
اس تقرری سے قبل ایڈجوٹینٹ جنرل کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
ان کا تعلق 12 بلوچ رجمنٹ سے ہے اور وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے 80 لانگ کورس کے گریجویٹ ہیں۔
عاصم ملک اعزازی شمشیر اور ہلال امتیاز ملٹری کے حامل ہیں۔
عسکری ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اس ماہ کے آخر تک اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
 وہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی جگہ لیں گے جن کو چھ اکتوبر 2021 کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔
 لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اس سے قبل بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہ فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز کے گریجوایٹ بھی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک سابق کور کمانڈر راولپنڈی جی ایم ملک کے صاحبزادے ہیں۔
جی ایم ملک نے 1950 میں پاکستان آرمی میں شمولیت اختیار کی تھی اور انہوں نے برطانیہ کی مایہ ناز رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں تربیت حاصل کی جس کے اختتام پر ان کو برطانوی اکیڈمی کا بہترین کیڈیٹ نامزد کیا گیا تھا اور انہیں کوئینز میڈل سے نوازا گیا تھا۔

شیئر: