Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قتل کے مقدمے میں نامزد بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

شکیب الحسن عوامی لیگ کی نشست سے رکن پارلیمنٹ رہے(فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
عوامی لیگ کے رہنما و رکن اسمبلی اور آل راؤنڈر کرکٹر شکیب الحسن کو ڈھاکہ میں اگست کے دوران گارمنٹس فیکٹری کے ایک ملازم کو قتل کرنے کا الزامات کا سامنا ہے۔
اس مقدمے میں نامزد 155 افراد میں سے ایک شکیب الحسن بھی ہیں تاہم یہ 22 اگست کو ڈھاکہ کے ادابور پولیس سٹیشن میں مقتول کے والد کی مدعیت میں درج کرایا گیا تھا۔
کرکٹ کے متعلق رپورٹ کرنے والی ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق 37سالہ شکیب الحسن ان مظاہروں کے نتیجے میں حسینہ واجد کی حکومت ختم ہونے کے بعد سے اب تک وطن واپس نہیں لوٹے ہیں۔
شکیب الحسن نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاہم بنگلہ دیش کے موجودہ سیاسی حالات میں ان کی وطن واپسی کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
کانپور میں انڈیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ قبل شکیب الحسن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’میں نے اپنے فیصلے کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ (بی سی بی) اور سلیکٹرز بورڈ کو آگاہ کردیا ہے جنہوں نے میری بات سے اتفاق کیا، وہ ہر چیز کو منظم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ میں بنگلہ دیش واپس جا کر میرپور میں 2 ٹیسٹ میچ کھیل سکوں اور وہاں اپنا ٹیسٹ کیریئر ختم کرسکوں، اگر ایسا نہیں ہوا تو شاید یہ میرا آخری میچ ہو۔‘
شکیب الحسن کا اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ’میں بنگلہ دیش کا شہری ہوں، مجھے بنگلہ دیش جانے میں کوئی تکلیف نہیں ہے بس مجھے وہاں جا کر اپنی حفاظت اور سلامتی کا خطرہ ہے، میرے قریبی دوستوں اور خاندان کو اس ضمن میں تشویش ہے۔‘
شکیب الحسن بتایا کہ گزشتہ کچھ ہفتے ان کی لیے آسان نہیں تھے خصوصی طور پر وہ وقت جب انیں قتل کے مقدمے میں نامزد کیا گیا۔
وہ کہتے ہیں ’میرے لیے یہ بہت ہی مشکل وقت تھا حتیٰ کہ مجھے اس بارے میں علم ہی نہیں تھا، یہ صرف اللہ جانتا ہے اس کے بعد کس مشکل سے میں نے کھیل پر توجہ دی، آپ سب کو علم ہے یہ مقدمہ کس قسم کا ہے اور میں اس دورانیے میں کہاں تھا۔ میں اس بارے میں ذیادہ بات نہیں کرنا چاہوں گا۔‘
شکیب الحسن نے ریٹائرمنٹ کے بارے میں بتایا کہ یہ فیصلہ انہوں نے سوچ سمجھ کر کیا ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کی قیادت سے مشاورت بھی کی ہے۔
شکیب الحسن کا خیال ہے کہ اس عمر میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ ایک بہترین فیصلہ ہے۔

شیئر: