’دو ریاستی حل کے لیے بین الاقوامی اتحاد‘ کے اعلان کا خیرمقدم
رابطہ عالم اسلامی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کی جانب سے ’دو ریاستی حل پر عملدرآمد کے لیے بین الاقوامی اتحاد‘ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے اس تاریخی اقدام کو سراہا جس کا اعلان سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے عرب اور اسلامی ممالک اور یورپی شراکت داروں کی جانب سے کیا۔
انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اس اقدام میں شامل ہوں جو دنیا پر مثبت اثرات کے ساتھ خطے میں ایک منصفانہ اور جامع امن کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے سعودی عرب کی غیر معمولی کوششوں اور فلسطین کاز کی سپورٹ کےلیے بین الاقوامی شراکت داروں کو متحرک کرنے کے حوالے سے تاریخی کامیابیوں کی ستائش کی۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کو نیویارک میں اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے اسرائیل فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اتحاد تشکیل دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا’ مملکت اور اتحادی اس منصوبے کے ایک حصے کے طور پر ریاض، برسلز، قاہرہ، اوسلو، عمان اور انقرہ میں اعلٰی سطح پر اجلاس منعقد کریں گے‘۔