فلسطینی علاقوں میں ’غیر قانونی موجودگی‘ کے خاتمے سے متعلق قرارداد کا خیرمقدم
قرارداد پر جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے دوران ووٹنگ ہوئی ہے۔(فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں ’غیر قانونی موجودگی‘ کے خاتمے سے متعلق قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس قرارداد پر جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے دوران ووٹنگ ہوئی ہے۔
سعودی عرب نے عرب امن اقدام اور بین الاقوامی جواز کی قراردادوں کے مطابق مسولہ فلسطین کے منصفانہ اور جامع حل تک پہنچنے کےلیے عملی اور قابل اعتماد اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ برادر فلسطینی عوام کو ان کے بنیادی حق خودارادیت اور مشرقی یروشلم کے دارالحکومت کے ساتھ 1967 کی سرحدوں پر ان کی آزاد ریاست کے قیام کی ضمانت دی جا سکے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کی قرارداد پر ووٹنگ کرائی گئی جس میں اسرائیل سے غزہ میں ’غیرقانونی موجودگی‘ ختم اور مقبوضہ مغربی کنارے کو ایک سال کے اندر خالی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
فلسطینی قرارداد میں اسرائیلی افواج کے انخلا اور یہودی آبادکاروں کی بستیوں کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔
اس قرارداد کو اقوام متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی میں ووٹنگ کے لیے ایسے وقت پیش کیا گیا ہے جب غزہ میں حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ کو اگلے ماہ کی سات تاریخ کو ایک سال ہو جائے گا۔
یہ جنگ 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں حماس کے حملوں سے شروع ہوئی تھی۔ اور اس وقت فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی تشدد نئی بلندیوں پر ہے۔