مکہ مکرمہ سمیت 4 ریجنوں میں بارش کا امکان
’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ القنفذہ اور اللیث میں ہلکی بارش ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج پیر کو مکہ مکرمہ، جازان، عسیر اور الباحہ میں گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ علاقوں کے علاوہ مدینہ منورہ اور حائل میں گرد آلود تیز ہوا چلے گی جس سے حد نگاہ متاثر ہوگی۔
مکہ مکرمہ ریجن کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ القنفذہ اور اللیث میں ہلکی بارش ہوگی جبکہ طائف، اضم، میسان اور یلملم میں تیز بارش ہوگی‘۔
مدینہ منورہ ریجن کے حوالے سے محکمہ نے کہا ہے کہ ’خیبر اور الحناکیہ میں قدرے کم جبکہ ینبع اور الرایس میں تیز ہوا چلے گی جس سے گرد اٹھے گی جبکہ شام 8 بجے تک حد نگاہ متاثر رہے گی‘۔
دوسری طرف محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’موسمیاتی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ آج پیر سے جمعہ تک مکہ مکرمہ ریجن کے علاوہ باحہ، عسیر، جازان اور نجران میں تیز بارش کا امکان ہے‘۔
’مذکورہ دنوں میں شہریوں کو پر خطر مقامات سے دورہ رہنے کی ضرورت ہے‘۔
’بارش کے وقت وادیوں، گھاٹیوں اور سیلاب کی گزر گاہوں سے دور رہا جائے‘۔