Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوج کو لبنان یا غزہ بھیجنے کی ضرورت نہیں: ایرانی وزارت خارجہ

ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان نصر خانانی کا کہنا تھا کہ اضافی یا رضاکار دستے لبنان یا غزہ بھیجنے کی ضرورت نہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اپنی فوج اسرائیل کے مقابلے کے لیے لبنان یا غزہ میں تعینات نہیں کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان نصر خانانی نے کہا کہ اضافی یا رضاکار دستے لبنان یا غزہ بھیجنے کی ضرورت نہیں۔
نصر خانانی کا کہنا تھا کہ لبنان اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جنگجوؤں کے پاس اتنی صلاحیت اور قوت ہے کہ وہ جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کر سکتے ہیں۔
حالیہ دنوں میں اسرائیل نے ایران کی حمایت یافتہ گروہوں کے خلاف خطے بشمول لبنان، شام، یمن اور عراق میں فضائی حملے تیز کر دیے ہیں۔۔
گذشتہ دنوں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک فضائی حملے میں اسرائیل نے مسلح گروپ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو ہلاک کیا تھا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں اس حوالے سے کسی کی طرف سے بھی درخواست نہیں آئی ہے بلکہ ہمیں یقین ہے کہ انہیں ہماری فوجوں کی ضرورت نہیں۔‘
خانانی نے کہا کہ اسرائیل کو ایرانی عوام کے خلاف کیے گئے جرائم پر معاف نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب پیر کو ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں حزب اللہ کے دفتر کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے حسن نصراللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی کہا ہے کہ حسن نصراللہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ نائب صدر اول محمد رضا عارف کا کہنا تھا کہ حسن نصراللہ کی موت اسرائیل کے لیے تباہی لائے گی۔

شیئر: