Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کی پروازوں کو ایران کی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا گیا

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’صورت حال واضح ہونے تک ایران کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے اپنی تمام پروازوں کو ایران کی فضائی حدود کو استعمال کرنے سے روک دیا۔
ترجمان پی آئی اے نے منگل کو ایک بیان میں بتایا کہ ’اس حوالے سے ایئرلائن کے تمام پائلٹس اور فلائٹ آپریشن کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے متعلق تمام پروازوں کا فلائٹ پلان ازسرِنو ترتیب دیا جا رہا ہے۔‘ 
ترجمان نے مزید بتایا کہ ’جب تک صورت حال واضح نہیں ہو جاتی، ایران  کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’قومی ایئرلائن ایران کی فضائی حدود کے دو کوریڈور استعمال کرتی ہے۔ نادرن کوریڈور میں کینیڈا اور ترکی جانے والی پروازیں اس رُوٹ کو استعمال کرتی ہیں۔‘
’دوسری جانب سدرن کوریڈور متحدہ عرب امارات (یواے ای)، بحرین، دوحہ اور سعودی عرب کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔‘
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کے تناظر میں دنیا کے کئی ممالک کی ایئرلائنز نے ایران اور لبنان کی فضائی حدود استعمال کرنا بند کردی ہیں۔
اُدھر منگل کو ایران نے اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائل فائر کیے جس سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ ’اس نے یہ حملہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے کیا ہے۔‘
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’اس حملے کا ایران کو مناسب وقت پر اور بھرپور جوب دیا جائے گا۔‘

شیئر: