Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینی بچوں سے اظہارِیکجہتی، انڈین شاعرہ کا امریکی حمایت یافتہ ایوارڈ لینے سے انکار

شاعرہ جسنتہ کرکیتا کا تعلق انڈیا کی مشرقی ریاست جھاڑکھنڈ کی اقلیتی آدیواسی برادری سے ہے(فائل فوٹو: ہومیج کو)
انڈیا کی ایک شاعرہ نے غزہ میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مرنے والے بچوں اور خواتین سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ایک اہم ادبی ایوارڈ وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق انڈیا کی شاعرہ جسنتہ کرکیتا کو ’روم ٹو ریڈ ینگ آتھرز ادبی ایوارڈ‘ کے لیے منتخب کیا گیا تھا، اس ایوارڈ کے لیے روم ٹو ریڈ انڈیا ٹرسٹ کو امریکہ کی ایجنسی برائے عالمی ترقی کا تعاون بھی حاصل تھا۔
ان تنظیموں کا ہدف بچوں کی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔
شاعرہ جسنتہ کرکیتا کو ان کی بچوں سے متعلق شاعری کی کتاب ’جرہل‘ پر اگلے ہفتے یہ ایوارڈ دیا جانا تھا۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’میں نے یہ ایوارڈ لینے سے انکار کیا کیونکہ یو ایس ایڈ روم ٹو ریڈ انڈیا کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ جب مجھے بچوں کے ادب سے متعلق ایوارڈ کا پتا چلا تو میں نے محسوس کیا کہ اس وقت ایوارڈ لینے سے زیادہ اہم فلسطینی بچوں کے حق میں آواز اٹھانا ہے۔‘
جسنتہ کرکیتا نے مشہور امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے بارے میں بھی تحفظات کا اظہار کیا جو ان کے مطابق انڈیا میں تعلیم سے متعلق بعض منصوبوں کی مالی معاونت کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ایک ایسے وقت میں جب فلسطین میں بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، روم ٹو ریڈ انڈیا بوئنگ سے تعاون حاصل کر رہی ہے، ایک ایسی کمپنی جس کا اسرائیل کے ساتھ طویل عرصے سے ہتھیاروں کا کاروبار چل رہا ہے۔‘
’میں نے یہ ایوارڈ لینے سے انکار بچوں اور خواتین سے اظہاریکجہتی کے طور پر کیا ہے۔‘
شاعرہ جسنتہ کرکیتا کا تعلق انڈیا کی مشرقی ریاست جھاڑکھنڈ کی اقلیتی آدیواسی برادری سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’آدیواسی لوگ قدرتی ماحول کو بچانے کے ساتھ ساتھ اپنی بقا کے لیے بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔ وہ ہمیشہ انسانی آزادیوں کی حمایت کرتے ہیں۔‘
’میری برادری مجھے اس بات کی ہمت فراہم کرتی ہے کہ میں اپنی آزادی کے لیے لڑنے والوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر سکوں۔‘
واضح رہے کہ آوکسفام کے ایک حالیہ تجزیاتی رپورٹ کے مطابق فلسطین میں سات اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی جنگ میں اب تک  چھ ہزار خواتین اور 11 ہزار بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ 20 ہزار ایسے افراد ہیں جن کی شناخت نہ ہو سکی یا پھر وہ غائب ہیں۔

شیئر: