Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: پی ٹی آئی کا ڈی چوک میں احتجاج، اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند، موبائل سروس معطل

دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے مکمل بند ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کے اندر بھی رکاوٹوں کے باعث آمد و رفت میں شہریوں کو دشواری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے ’عدلیہ کی آزادی‘ اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے آج جمعے کو اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کی کال دی ہوئی ہے۔ 
پی ٹی آئی کے کارکنان پشاور موٹروے پرپہنچنا شروع
پی ٹی آئی کے کارکنان پشاور موٹر وے پر جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ کارکنوں کو 11 بجے قافلوں کی صورت میں آنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور قافلوں کی قیادت کریں گے۔ 
مالاکنڈ اور ہزارہ سے آنے والے قافلوں کو صوابی موٹروے پر وزیراعلٰی کے قافلے کا انتظار کرنے کا کہا گیا ہے۔
جنوبی اور قبائلی اضلاع کے قافلے بھی صوابی انٹرچینج کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
پی ٹی آئی نے کارکنوں کے لیے صوابی کے قریب موٹر وے سروس ایریا کے مقام پر استقبالیہ کیمپ لگا دیا ہے۔
خیبرپختونخواہ کے مختلف اضلاع سے سرکاری مشینری گزشتہ رات کو سروس ایریا میں پہنچا دی گئی تھی۔
سرکاری مشینری میں ریسکیو 1122 کی ایمبولینس، فائر وہیکل، کرین اور دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔
ضلع دیر سے اسلام آباد آنے والے پی ٹی آئی کے تین کارکنان کو جمعے کی صبح پولیس نے ڈی چوک سے گرفتار کیا ہے۔

علی امین گنڈاپوار سیاسی شو نہیں فساد پھیلانے آ رہے ہیں، عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کرینوں، لفٹر اور سرکاری وسائل و سرکاری ملازمین کے ساتھ اسلام آباد پر چڑھائی کرنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا اس قسم کی مشینری کے ساتھ سیاسی جدوجہد ہوتی ہے، علی امین سیاسی شو نہیں فساد پھیلانے آ رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ان کی پلاننگ ہے کہ لاشیں گریں اور اس کو کیش کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ  پنجاب مکمل طور پر پرامن اور پرسکون حالات میں ہے،  پنجاب کے لوگوں نے فتنہ فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔
موٹر وے سمیت انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس بند
موٹر وے ایم ون پر اسلام آباد سے انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس بند ہیں جبکہ اسلام آباد میں ریڈ زون کے داخلی راستوں کو بھی کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فیض آباد، سیکٹر آئی ایٹ، آئی جے پی روڈ کے علاوہ مارگلہ روڈ پر بھی کنٹینرز سے راستے بند ہیں۔
مری روڈ سمیت اسلام آباد ایکسپریس وے سنگجانی، سیکٹر جی الیون چوک، گولڑہ موڑ، 26 نمبر چونگی بند جبکہ ٹیکسلا کے مقام پر بھی کنٹینرز لگے ہوئے ہیں۔ 
میٹرو بس انتظامیہ نے بھی جڑواں شہروں میں آج میٹرو بس سروس معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
جڑواں شہروں میں تعلیمی ادارے بند اور موبائل فون سروس معطل
احتجاج اور راستوں کی بندش کے باعث جڑواں شہروں میں آج نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔
اسلام آباد میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد 
اسلام آباد انتظامیہ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق آج اور کل سنیچر کو بھی رہے گا۔ 
پنجاب کے 4 شہروں میں دفعہ 144 نافذ، رینجرز طلب
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے 4 شہروں لاہور، راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کو بھی طلب کر لیا ہے۔
حکومت پنجاب نے ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کی ہے۔
ترجمان کے مطابق راولپنڈی اور اٹک میں 4 اور 5 اکتوبر کے لیے رینجرز کی 6 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔

شیئر: