سعودی وزیر خارجہ سے بلنکن کا رابطہ، خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال
لبنان کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے سنیچر کو امریکی ہم منصب انتونی بلنکن نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، لبنان کی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سنیچر کو ریاض میں اپنے فرانسیسی ہم منصب جین نویل باروٹ سے لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
سعودی اور فرانسیسی وزرائے خارجہ نے لبنان میں جنگ بندی کے حصول کےلیے کی جانے والی کوششوں اورعلاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر بات چیت کی۔
واضح رہے کہ سنیچر کو بیروت کے جنوبی مضافات اور جنوبی علاقے پر اسرائیلی حملوں میں شدت آئی ہے۔
ہائیر ڈیفنس کونسل کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 37 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 151 زخمی ہوئے ہیں۔
لبنان میں جھڑپوں کے آغاز کے بعد سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 11 جبکہ زخمیوں کی تعداد نو ہزار 535 ہوگئی ہے۔