Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ جنگ کے پھیلنے سے عالمی امن و سلامتی کو خطرہ ہوگا: سعودی وزیر خارجہ

شہزادہ فیصل بن فرحان نے جی 20 وزارئے خارجہ اجلاس میں شرکت کی۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اقوام متحدہ خاص کر سلامتی کونسل میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر پھر زور دیا ہے تاکہ بڑھتے ہوئے بحرانوں سے نمٹا جاسکے۔
الاخباریہ اور ایس پی اے  کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر جی 20 وزارئے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا ’جنگیں اور سیاسی تنازعات کے اثرات بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ کرتے ہیں اور کثیر الجہتی اقدامات کے تمام پہلووں کو متاثر کرتے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا’ عالمی برادری اجتماعی طورپر ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے مسائل کے حل اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے عالمی امن کے قیام کے لیے اصلاحی طریقہ کار پرعمل کرے‘۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے جی 20 ممالک پر زوردیا کہ’ وہ اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو تیز کریں‘۔
’سعودی عرب، جی20 کے ساتھ مل کراس حوالے سے کام کرنے کےلیے سنجیدگی سے کوشاں ہے‘۔
انہوں نے کہا’ غزہ میں جنگ کو طول اور وسعت دینے سے فلسطینی عوام کے مصائب میں مزید اضافہ ہوگا، عالمی امن وسلامتی کو خطرہ ہوگا اور خطے میں جامع امن کے حصول کے امکانات کو نقصان پہنچے گا‘۔
واضح رہے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نیویارک میں خلیج تعاون کونسل اور امریکہ کے درمیان مشترکہ وزارتی اجلاس میں شرکت کی جس میں امریکہ اور خلیج تعاون کونسل کے مابین تعاون کے علاوہ علاقائی اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں سرفہرست غزہ پٹی اور لبنان کے معاملات شامل تھے۔

شیئر: