Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان ٹیسٹ: ’نقوی صاحب یہ بندے اٹھا لیں، ان کی جُرآت کیسے ہوئی رنز بنانے کی‘

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 823 رنز کا ریکارڈ قائم کیا (فوٹو: گیٹی)
تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز جاری ہے۔
انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 823 رنز بنا کر 267 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بُروک نے 317 رنز بنا کر ٹرپل سینچری سکور کی جبکہ جو روٹ نے 262 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
جو روٹ اور ہیری بروک نے412 رنز کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیسٹ پارٹنر شپ کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
ساتھ ہی ساتھ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
اس سے قبل انڈین کرکٹ ٹیم نے 2004 میں ملتان ٹیسٹ کے دوران 5 وکٹوں کے نقصان پر 675 رنز بنائے تھے۔
تاہم اس صدی میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 700 سے زائد رنز سکور کیا ہو۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے پاس تھا جس نے 1958 کے ایک ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف 790 رنز سکور کیے تھے۔
تاہم 800 رنز عبور کرنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم تاریخ کی پہلی ٹیم ہے جس نے پاکستان کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 556 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں شان مسعود 151، سلمان علی آغا 104 اور عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف ریکارڈ رنز بنانے پر کرکٹ فینز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
محمد ارسلان امتیاز نامی صارف نے انگلینڈ اور پاکستان کے میچ کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے بخوبی اندازہ تھا کہ میچ کے چوتھے روز پاکستان کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔‘

سبی کاظمی نامی صارف نے ایکس پر لکھا ’پاکستان کے خلاف انگلینڈ نے 823 رنز بنا کر دنیا کا ہر ریکارڈ توڑ دیا۔‘

کلین بولڈ نامی اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد کیا رضوان کو ڈراپ کیا جائے گا یا رضوان کے لیے مختلف اصول ہیں۔‘

فائزہ اقبال نامی صارف نے لکھا کہ ’محسن نقوی نے کرکٹ کا بیڑا غرق کر دیا۔‘

حناء شہزاد نامی صارف نے پنجابی زبان میں تنقید کرتے ہوئے لکھا ’نقوی صاحب یہ بندے اٹھا لیں، ان کی جرأت کیسے ہوئی آپ کی ٹیم کے خلاف رنز بنانے کی۔‘

 

شیئر: