سعودی عرب میں اگست کے دوران صنعتی پیداوار میں اضافہ
جمعہ 11 اکتوبر 2024 20:02
صنعتی فروغ کے حوالے سے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے اگست 2024 کے لیے انڈسٹریل پروڈکشن انڈیکس رپورٹ جاری کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’اگست 2024 کے دوران صنعتی پیداوار میں گزشتہ برس اسی مدت کے مقابلے میں 1.0 فیصد اضافہ ہوا ہے‘۔
اعداد وشمار کے مطابق یہ ترقی بنیادی طور پر کانکنی، مینوفیکچرنگ، بجلی اور گیس، سٹیم اور ایئرکنڈیشنگ کی فراہمی میں بڑھتی ہوئی سرگرمی کی وجہ سے تھی۔
تیل کی سرگرمیوں میں 2023 کی اسی مدت کے مقابلے میں اگست 2024 کے دوران 1.4 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی۔ نان آئل سرگرمیوں کے انڈیکس میں پچھلے سال کے مقابلے میں 7.0 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مملکت میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران فیکٹریوں کی تعداد 8 ہزار 800 سے بڑھ کر 12 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل کے مطابق’ سال 2035 تک فیکٹریوں کی تعداد 36 ہزار تک پہنچا نے کا ارادہ ہے‘۔
مملکت میں صنعتی فروغ کے حوالے سے بڑے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔