Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جے یو آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا عدالتی اصلاحات پر اتفاق ہوگیا: مولانا فضل الرحمان

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’عدالتی اصلاحات پر جے یو آئی، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مابین اتفاق رائے حاصل کرلیا گیا ہے، دیگر نکات پر اتفاق کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
وہ بدھ اور جمرات کی درمیانی رات جاتی عمرہ لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے دیے گئے عشائیے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اہم مسائل پر تفصیل سے بات کی تو ملک بھی بچے گا اور آئین بھی بچے گا۔ ابتدائی ترمیمی مسودے کو ہم نے پہلے بھی مسترد کیا تھا اور اسے آج بھی مسترد کرتے ہیں۔‘
جے یو آئی کے سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’تحریک انصاف کی تجاویز کو بھی آئینی ترمیم میں شامل کیا جائے گا۔‘
مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ ’وہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے ملاقات کر کے ان سے بھی مشاورت کریں گے۔‘
اس موقعے پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’عدالتی اصلاحات سے متعلق ہی پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے مسودے سے ن لیگ نے اتفاق کر لیا ہے۔‘
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’آج تین جماعتوں کے مابین کچھ نکات پر اتفاق ہو گیا ہے، آئندہ دنوں میں دیگر مجوزہ ترامیم پر بھی اتفاق ہو جائے گا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف بھی شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ختم ہونے کے بعد نواز شریف کی جانب سے دیے گئے اس عشائیے میں شریک ہوئے۔
پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں رہنماؤں نے 26ویں آئینی ترمیم اور مختلف پارٹیوں کی جانب سے شیئر کیے گئے مسودوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 26ویں آئینی ترمیم کے خدوخال پر رہنماؤں کو بریفنگ دی۔ اس موقعے پر جمعرات کو بلائے گئے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کے لیے حکمتِ عملی پر بھی غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 26ویں آئینی ترمیم کے خدوخال پر رہنماؤں کو بریفنگ دی (فوٹو: مسلم لیگ ن)

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی پارٹی کی جانب سے تیار کیے گئے مسودے اور پی ٹی آئی سے ہونے والی مشاورت سے دیگر رہنماؤں کو آگاہ کیا۔
عشائیے میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی عشائیے میں شریک تھے۔
ان کے علاوہ نوید قمر، مرتضیٰ وہاب اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے اس عشائیے میں موجود تھے۔
اس سے قبل جاتی عمرہ پہنچنے پر نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
واضح رہے کہ صدر آصف زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس جمعرات کو طلب کر رکھے ہیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی شام چار بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس سہ پہر تین بجے بلایا گیا ہے۔
سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں 26ویں آئینی ترمیم منظوری کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

شیئر: