Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 پاکستان کا تربیت یافتہ نرسیں سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ، انٹرویوز 21 اکتوبر کو

سعودی عرب کو مختلف شعبوں میں نرسنگ سٹاف کی ضرورت ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تربیت یافتہ نرسوں کی بڑی تعداد جلد سعودی عرب روانہ کرے گا۔
پاکستان اوورسیز کارپوریشن (او ا ی سی) کے مطابق پاکستان نرس عملہ فوری طور پر سعودی عرب بھیج رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کو مختلف شعبوں میں نرسنگ سٹاف کی ضرورت ہے۔
ان شعبہ جات میں کارڈیک کیئر، ایمرجنسی، طبی دیکھ بھال، زچگی، بچوں کی دیکھ بھال، انتہائی نگہداشت، ہیماڈائیلیسس، نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال، آنکولوجی، سرجیکل کیئر، اور انسینٹیو کیئر یونٹس وغیرہ شامل ہیں۔
وزارت اوورسیز کے ایک اہلکار کے مطابق عرب ممالک میں پاکستانی ورک فورس کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق 21 اکتوبر کو لاہور میں اس سلسلے میں خواہش مند امیدواروں کے انٹرویوز ہوں گے۔
وزارت خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق سعودی عرب کم سے کم ایک سال کے تجربے اور 16 سال کی تعلیم (بیچلر آف سائنسز) ڈگری کی حامل خواتین نرسوں کی تلاش میں ہے۔
نرسوں کے پاس پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل (پی این ایم سی) کی رجسٹریشن ہونا بھی لازمی شرط اور انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ اور ایمرجنسی روم میں کام کرنے کا تجربہ حاصل ہونا بھی لازمی شرط ہے۔
خواہش مند امید وار نرسوں کی عمر 45 سال سے کم ہونی چاہیے۔
اس سلسلے میں سعودی عرب کا ایک وفد پاکستان میں نرسوں کے انٹرویوز لے گا۔
یہ انٹرویوز کام کے تجربے، مریضوں کے ساتھ برتاؤ، اور انگریزی زبان پر مہارت پر مرکوز ہوں گے۔
امیدواروں کو اپنے اصل دستاویزات ہمراہ لانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

شیئر: