Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

درعیہ:  یوم الوطنی پر اے آئی شو میں گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم

درعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے یوم الوطنی کے موقع پر کئی تقریبات کا انعقاد کیا۔ فوٹو واس
درعیہ نے سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن پر مصنوعی ذہانت کے معاون آلات کے سب سے بڑے ڈسپلے کے ساتھ گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر کے تاریخ رقم کی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق اس نمائش میں 500 سے زیادہ ایمیزون ایکو ڈیوائسز اور الیکسا وائس اسسٹنٹس یوم الوطنی پر درعیہ تقریب کا حصہ تھیں جو قومی ترانہ پیش کر رہی تھیں۔
درعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے ’ یہ ایکو ڈیوائسز سعودی عرب کے قومی ترانے اور حب الوطنی کے دیگر ملی نغموں کو بوجیری ٹیرس پر ہم آہنگ کرنے کے لیے ترتیب دی گئی تھیں۔‘
ریاض میں مملکت کے 94 ویں یوم الوطنی کے موقع پر منعقد کی گئی تقریب میں اس غیر معمولی کارنامے کا مشاہدہ کرنے کے لیے  گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حکام موجود تھے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے سینئر جج کنزی ایل ڈیفراوی نے ورچوئل اسسٹنٹ ڈیوائسز کے سب سے بڑے ڈسپلے کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈ کا ٹائٹل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سعودی عرب میں مقامی افراد اورزائرین کو جدید تفریح ​​متعارف کروانے میں درعیہ مسلسل سب سے آگے رہا ہے اور یہ کامیابی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو ثقافتی تقریبات کے ساتھ ملانے کی انتھک کوشش کی عکاسی کرتی ہے۔
اس سنگ میل پر درعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو جیری انزیریلو نے کہا ’یہ تاریخی لمحہ سعودی عرب کے اختراعی جذبے اور ہمارے انمول ورثے اور ثقافت کے تحفظ اور فروغ کے لیے درعیہ کے عزم کو واضح کرتا ہے۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) میں ایمیزون کے علاقائی جنرل منیجر راف فطانی نے کہا کہ عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش مملکت کی بھرپور ثقافت اور ورثے کے لیے ہماری گہری تعظیم کا جشن ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے سینئر جج نے مبارکباد پیش کی ہے۔ فوٹو واس

اس تعاون کے ذریعے ہم نے ایک ایسی ساخت بنائی ہے جو آرٹیفیشنل انٹیلی جنس کو سعودی ثقافت کے لازوال بندھن سے جوڑتی ہے۔
درعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 94 ویں یوم الوطنی کے موقع پر دیگر کئی تقریبات کا بھی انعقاد کیا جس میں یونیسکو کے تاریخی عالمی ثقافتی ورثے کے مقام الطریف میں بھی مملکت کی قومی شناخت کی جھلک پیش کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
 

شیئر: