نجی سکولوں اور والدین کے درمیان یکساں الیکٹرانک معاہدہ متعارف
’سکول کو فیس ادا نہ کرنے کی وجہ سے طالب علم کو تعلیم سے محروم نہ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں نجی سکولوں اور والدین کے حقوق منظم کرنے کے لیے الیکٹرانک معاہدے کا نظام نافذ کیا جائے گا۔
اخبار 24 کے مطابق یکساں الیکٹرانک معاہدے کا نظام وزیر انصاف ڈاکٹر ولید الصمعانی اور وزیر تعلیم یوسف البنیان نے جاری کیا ہے۔
یکساں الیکٹرانک معاہدے میں دونوں فریق کے حقوق کے تحفظ اور طالب علم کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولت کے علاوہ مالی معاملات بھی واضح ہوں گے۔
نئے یکساں الیکٹرانک معاہدے میں والدین کو فیسوں کی بروقت ادائیگی کے ساتھ سکول کو فیس ادا نہ کرنے کی وجہ سے طالب علم کو تعلیم سے محروم نہ کرنے کا بھی پابند بنایا گیا ہے۔
سکول کے مالی حقوق کی ضمانت کے ساتھ اسے اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ فیس کی ادائیگی نہ کرنے پر وہ طالب علم کو بدستور تعلیمی سہولت فراہم کرتا رہے گا۔
یکساں الیکٹرانک معاہدہ میں اندراج کے لیے اس مقصد کے لیے تیار کئے جانے والی ویب سائٹ میں لاگ ان کرنا ہوگا، پھر ابشر کے ذریعہ اپنی شناخت کرنی ہوگی، بعد ازاں سکول پسند کرناہوگا اور طالبعلم کے کوائف کا اندراج کرنا ہوگا۔
سکول سے منظوری کے بعد الیکٹرانک معاہدے کا لنک والدین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ موصول ہوگا جس پر منظوری کے بعد اسے فعال تصور کیا جائے گا۔