سعودی معیشت کی شرح نمو جی سی سی میں سب سے زیادہ ہوگی
نان آئل سرگرمیوں میں دوسری سہ ماہی میں 4.9 فیصد اضافہ ہوا ( فوٹو: عرب نیوز)
عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے ایک تجزیے کے مطابق سعودی معیشت 2024 میں 1.5 جبکہ 2025 میں 4.6 فیصد بڑھے گی۔
عرب نیوز کے مطابق تازہ ترین رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے 2025 کے اختتام تک مملکت کی متوقع شرح نمو جی سی سی ملکوں میں سب سے زیادہ ہوگی۔
یہ رپورٹ عالمی بنک کی پیشگوئی کے صرف دو دن بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اس سال سعودی معیشت میں 1.6 فیصد اضافہ ہوگا جو 2025 میں بڑھ کر 4.9 فیصد ہو جائے گی۔
آئی ایم ایف اور عالمی بنک کے اندازے 30 ستمبر کو سعودی عرب کے پری بجٹ بیان میں لگائے گئے تخمینے سے زیادہ ہیں جس میں 2024 کے دوران مملکت کی جی ڈی پی میں 0.8 فیصد اضافے کی پیشگوئی کی گئی تھی جس میں نان آئل سرگرمیوں میں اضافے کی سپورٹ سے 3.7 فیصد تک بڑھنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔
علاوہ ازیں سعودی وزارت اقتصاد و منصوبہ بندی نے منگل کو 2024 کی دوسری سہ ماہی کی اقتصادی رپورٹ جاری کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ’ نان آئل سرگرمیوں میں اس سال کی دوسری سہ ماہی میں 4.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مینوفکچرنگ انڈسٹری میں 3.4 فیصد اضافہ ہوا ہے‘۔
رپورٹ میں سعودی عرب کی جانب سے نان آئل سیکٹر کو مضبوط بنانے اور معیشیت و متنوع بنانے کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا گیا۔