Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمندری طوفان ’ڈانا‘: انڈیا کے ساحلی علاقوں سے ہزاروں افراد کی نقل مکانی، سکول بند

سمندری طوفان سے اڑیسہ کے بیشتر حصّوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے (فوٹو:اے ایف پی)
سمندری طوفان ’ڈانا‘ کے پیش نظر انڈیا کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملک کے کچھ حصّوں میں سکول بند جبکہ ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق خلیج بنگال میں آنے والے سمندری طوفان ’ڈانا‘ کی شدّت میں اضافے کا امکان ہے جس سے ہوا کی رفتار 100 سے 110 کلو میٹر فی گھنٹہ (62-68 میل فی گھنٹہ) ہو جائے گی۔
اس کے علاوہ 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کے جھکڑ چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان انڈیا کے مشرقی ساحلوں علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا جمعرات کی رات اور جمعے کی صبح لینڈ فال متوقع ہے۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ’جنوبی ایشیا میں شدید طوفان کثرت سے آتے جا رہے ہیں۔ گلوبل وارمنگ نے انہیں مزید شدید اور غیر متوقع بنا دیا ہے۔‘
سمندری طوفان سے انڈیا کی مشرقی ریاست اڑیسہ کے بیشتر حصّوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے جہاں جمعرات کی صبح تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی۔
حکام نے سکول بند کر دیے ہیں، 200 سے زائد ٹرینیں منسوخ جبکہ کئی پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ ماہی گیروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ سمندر میں نہ نکلیں۔
مغربی بنگال کے کچھ اضلاع کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور وہاں حکام کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 اڑیسہ کے وزیراعلٰی موہن چرن ماجھی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ’تقریباً تین لاکھ افراد لوگوں کو غیر محفوظ علاقوں سے نکالا گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ تین اضلاع کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام نے طوفان کے ٹکرانے سے پہلے 14 اضلاع سے 10 لاکھ سے زائد افراد کو نکالنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ امدادی کارکنوں اور ریسکیو کی کئی ٹیمیں بھی ریاست میں تعینات کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ آپ محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔‘
انڈیا کے مشرقی ساحل طویل عرصے سے سمندری طوفانوں کا شکار ہیں۔
گزشتہ سال انڈیا کے سب سے مہلک طوفان کا سیزن ثابت ہوا جس میں 523 افراد ہلاک ہوئے اور ایک اندازے کے مطابق 2.5 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

شیئر: