Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہوم سیریز میں پاکستان کی شاندار فتح، ’شکر ہے بابر، شاہین اور نسیم شاہ ٹیم میں نہیں‘

پاکستان نے تین سالوں بعد کسی ٹیسٹ سیریز میں فتح حاصل کی ہے (فوٹو: گیٹی)
راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ہی پاکستان نے انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
انگلینڈ کے بیٹرز دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بولرز نعمان خان اور ساجد علی کے سامنے بے بس دکھائی دیے اور 112 پر آل ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
یوں میچ کے تیسرے روز کھانے کے وقفے سے پہلے ہی پاکستان پر انگلینڈ کو 36 رنز کا آسان ہدف ملا جسے پاکستان نے باآسانی 3.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان شان مسعود 23 اور عبداللّٰہ شفیق پانچ رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد سوشل میڈیا صارفین ٹیم کی کارگردگی کو سراہتے ہوئے مختلف قسم کی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹ ایکس پر سابق پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیرز جیتنے پر مبارک باد دی اور ساجد خان اور نعمان علی کی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’تین سالوں بعد نعمان علی اور ساجد خان کی شاندار کارگردگی کی وجہ سے پاکستان ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا۔‘
 محمد قاسم نامی صارف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’عاقب جاوید سپنرز پر اعتماد کرنے کا شکریہ۔‘
سچن ایکس پی نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’پاکستان کا ایک لمبے عرصے بعد کم بیک ہو رہا ہے، پی سی بی کی پرانی انتطامیہ کو سزا ہونی چاہیے۔‘
 اظہار ازو نامی صارف نے لکھا ’شکر ہے بابر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ ٹیم میں نہیں تھے۔‘
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمیشن جین میریٹ نے پاکستان ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’اس شاندار فتح پر پاکستان کو مبارک۔‘
ایک اور صارف اسد نے پاکستان ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان ٹیم کا یہ کم بیک صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔‘

شیئر: