Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں سعودی کمپنی آرامکو کے پہلے برانڈڈ فیول سٹیشن کا افتتاح

افتتاح کے موقع پر دونوں اداروں کے سٹاف کے ساتھ ساتھ مقامی لوگ بھی موجود تھے۔ (فوٹو: آرامکو)
سعودی عرب کی تیل کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو نے منگل کو گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (گو) پیٹرولیم کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان میں اپنے پہلے فیول سٹیشن کا افتتاح کر دیا ہے۔
آرامکو اور گو پیٹرولیم کا پہلا فیول سٹیشن پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شروع کیا گیا ہے۔ ایک ماہ قبل آرامکو کی جانب سے گیس اینڈ آئل پاکستان (گو) لمیٹڈ میں 40 فیصد حصص کے حصول کے لیے معاہدہ طے پایا تھا جس کے بعد اب آرامکو نے اپنے پہلے فیول سٹیشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
آرامکو کا یہ پہلا فیول سٹیشن گلبرگ کمرشل ایریا میں نور جہاں روڈ پر قائم کیا گیا ہے۔ افتتاح کے موقع پر دونوں اداروں کے سٹاف کے ساتھ ساتھ مقامی لوگ بھی موجود تھے۔
آرامکو دنیا کی معروف توانائی اور کیمیکل کمپنیوں میں سے ایک ہے اور گو کے ساتھ اس کی شراکت داری سے پاکستان میں اعلٰی معیار کے ایندھن کی توقع کی جا رہی ہے۔
گو پیٹرولیم ملک بھر میں 1200 سے زائد فیول ریٹیل سٹیشنز کے نیٹ ورک کے ساتھ پاکستان کی فیول انڈسٹری میں بڑا نام ہے۔ اس معاہدے کے تحت آرامکو برانڈڈ سٹیشنز پر پرو فورس برانڈڈ پریمیم ایندھن، اعلٰی معیار کے والوولائن لبریکنٹس، جدید کنوینیئنس سٹورز میں پروفیشنل ایکسپریس کیئر اور آٹوموٹو سروسز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ آرامکو پاکستان میں اپنے ریٹیل نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے اور تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت میں اپنا حصہ ڈالنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
آرامکو کے ایگزیکٹو نائب صدر برائے پراڈکٹس اینڈ کسٹمرز یاسر ایم مفتی نے آرامکو کی جانب سے پاکستان میں پہلے فیول سٹیشن کے افتتاح کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے پاکستان میں پہلے آرامکو فیول سٹیشن کا افتتاح کیا ہے، یہ ایک ایسی مارکیٹ ہے جس میں نمایاں ترقی کی صلاحیت موجود ہے۔ بہترین کارکردگی، جدت اور کمیونٹی پارٹنرشپ ہمارے اقدار میں شامل ہے جو ہم پریکٹس کرتے آ رہے ہیں۔‘
یاسر ایم مفتی کا مزید کہنا تھا کہ آرامکو اپنے وسیع عالمی ریفائنری سسٹم کے ذریعے صارفین کو قابل اعتماد پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔

آرامکو کی گو کے ساتھ شراکت داری سے پاکستان میں اعلٰی معیار کے ایندھن کی توقع کی جا رہی ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)

گو پیٹرولیم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر(سی ای او) خالد ریاض نے اس موقع پر کہا کہ آرامکو برانڈڈ پہلا فیول سٹیشن بہترین کارکردگی کے لیے ان کی کمپنی کے عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمارا مقصد آرامکو کے ساتھ مل کر پاکستان میں ایندھن کے معیار کو بلند کرنا ہے جبکہ ایندھن کے معیار، سروس اور صارفین کے اطمینان کے نئے معیار کو قائم کرنا بھی ہمارا مقاصد میں شامل ہے۔‘
افتتاح کے موقع پر دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ لاہور میں پہلے آرامکو برانڈڈ سٹیشن کے افتتاح کی بدولت آنے والے وقتوں میں گو پیٹرولیم اپنے وسیع نیٹ ورک میں آرامکو کو مزید وسعت دینے کا آغاز کر رہا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مضبوط تجارتی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات قائم ہیں۔ سعودی عرب میں 27 لاکھ سے زائد پاکستانی مزدوروں کا گھر ہے اور پاکستان کے لیے ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ بھی ہے۔ دونوں ممالک دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے گذشتہ طویل عرصہ سے کام کر رہے ہیں۔
سعودی عرب نے رواں برس پاکستان کے لیے پانچ ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کر رکھا ہے۔

شیئر: