Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم سے ریاض میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

وزیراعظم نے تنظیم کے کام کو آگے بڑھانے اور اتحاد امت کو فروغ کے لیے سیکریٹری جنرل کی قیادت کو سراہا (فوٹو: وزیراعظم آٖس)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے آج ریاض میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ملاقات کی۔
پیر کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ کی جانب سے دنیا بھر میں اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ  کے لیے کارہائے نمایاں کو سراہا۔
وزیراعظم نے تنظیم کے کام کو آگے بڑھانے اور اتحاد امت کو فروغ کے لیے سیکریٹری جنرل کی قیادت کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ کا مسلمانوں کے مفادات و مقاصد کی وکالت اور بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کرنے میں اہم کردار ہے۔
انہوں نے مزید کہا  مسلم ورلڈ لیگ کا غزہ میں جاری تنازع اور مسلم دنیا کو درپیش دیگر مختلف چیلنجوں کے دوران  کردار خاص طور پر اہم ہے۔
وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف منصوبوں اور اقدامات کی جلد تکمیل کے منتظر ہیں جن کی دونوں جانب سے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان میں سیرت میوزیم کے قیام کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ یہ عظیم الشان منصوبہ پیغمبر اسلام اور تعلیمات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کے ذریعے مسلم ورلڈ لیگ نوجوان نسل کی توجہ مبذول کر رہی ہے اور جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے ذریعے اسلام کے لازوال پیغام کو پھیلا  رہی ہے۔ وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ سیکریٹری جنرل کے آئندہ دورہ پاکستان میں جاری منصوبوں کی رفتار اور تیزی سے عمل درآمد کو آگے بڑھایا جائے گا۔
مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان اور مسلم امہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وزیراعظم کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے سعودی عرب کے حالیہ کامیاب دوروں پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔

شیئر: