Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل کو اسلحے کی سپلائی بند، غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے: شہباز شریف

شہباز شریف نے کہا کہ ’جنگلی جرائم پر اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔‘ (فوٹو: وزیراعظم آفس)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والی غیرمعمولی عرب، اسلامی سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اسلحے کی سپلائی بند کی جائے اور فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کی جائے۔
پیر کو ریاض میں ہونے والی اس کانفرنس کے انعقاد پر انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔
شہباز شریف  کا کہنا تھا کہ ’غزہ میں انسانی بحران تصور سے بھی زیادہ ہو چکا ہے، لوگوں کے گھر تباہ کیے گئے اور خاندان ایک دوسرے سے جدا ہو گئے۔ اسرائیل جارحیت کی تمام حدیں پار کر چکا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہسپتالوں کو تباہ کیا گیا، یہ مظالم فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی ہے، اسرائیل عالمی عدالت سمیت تمام عدالتوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ہزاروں افراد شہید اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔‘
’اسرائیل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور امداد بھی نہیں پہنچنے دے رہا۔ بھوک، افلاس اور قحط نے غزہ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’دنیا کے صرف نظر کرنے سے اسرائیل کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔ اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات سے امن کو خطرات لاحق ہیں۔‘
’ہمیں مذمت سے آگے بڑھ کر عملی طور پر کچھ کرنا ہوگا۔ جنگلی جرائم پر اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کروایا جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اسرائیل کے ایران کے خلاف اقدامات پر بھی شدید تشویش ہے۔ اسرائیل کے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔‘

شیئر: