Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی غزہ میں الاونرا کے سکول پر اسرائیلی حملے کی مذمت

وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ (فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب نے سنیچر کو غزہ میں شاطئ پناہ گزین کیمپ کے ایک سکول پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے جس میں کم سے کم 10 فلسطینی ہلاک اور کم سے کم 20 زخمی ہوئے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق اس کیمپ میں پناہ گزین رہ رہے ہیں۔ ابو عاصی سکول اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے الاونروا کے زیرانتظام چلایا جا رہا ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ ’مملکت اپنے موقف کا اعادہ کرتی ہے کہ اسرائیل کی جانب سے شہریوں اور امدادی و انسانی اداروں کو مسلسل نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ عالمی برادری کی خاموشی تشویش کا باعث ہے۔‘
وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے جو فلسطینی عوام کے مصائب میں اضافہ کر رہی ہیں اور خطے میں امن کے حصول کے امکانات کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
حال ہی میں منظور کیے گئے اسرائیلی قوانین نے الاونروا کی اسرائیل میں سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں اور ادارے کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے خبردار کیا ہے کہ اس سے ایک خلا پیدا ہو جائے گا جس سے فلسطینیوں کی جانوں کا ضیاع ہو گا اور غزہ اور مغربی کنارے میں مزید عدم استحکام پیدا ہو گا۔
 

شیئر: