پاکستان اور سعودی عرب کا پیرا ملٹری فورسز، پولیس کی مشترکہ ٹریننگ پر تبادلہ خیال
سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ناصر بن عبدالعزیز الداؤد اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان آج اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات، پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کے باہمی تبادلوں اور مشترکہ ٹریننگ کے امور پر گفتگو کی گئی۔
بدھ کو ہوئے اس ملاقات میں اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کے علاوہ پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، سپیشل سیکریٹری داخلہ، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کے باہمی تبادلوں اور مشترکہ ٹریننگ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق سعودی نائب وزیر داخلہ ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے کہا کہ ’پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کے باہمی تبادلوں اور مشترکہ ٹریننگ کے لیے تیار ہیں۔‘
سعودی نائب وزیرداخلہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے اسلام آباد اور ریاض کو جڑواں شہر قرار دینے کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ’سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔‘
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ’سعودی شہریوں کو پاکستان آنے کے لیے ویزے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور وہ جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں۔‘
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کو سراہا۔
’موجودہ قیادت میں سعودی عرب 2030 تک معاشی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں اقوام عالم میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔‘
فریقین نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا۔ ’سعودی عرب میں 419 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے قانونی کارروائی جلد مکمل کی جائے گی۔‘
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھکاری مافیا کے خلاف ملک بھر میں موثر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ ’ 4300 بھکاریوں کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں۔ ایسے بھکاری مافیا کے خلاف ملک بھر میں موثر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔‘