Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان یو اے ای دوستی زندہ باد‘، وزیراعظم کی قومی دن پر امارات کو مبارکباد

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ’یو اے ای کا قومی دن پاکستان کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے 53ویں قومی دن پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو مبارک باد دی ہے۔
پیر کی صبح وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے مبارکباد کے پیغام میں لکھا کہ ’ہمیں متحدہ عرب امارات کے ترقی و خوشحالی کے شاندار سفر پر فخر ہے جو عزت مآب شیخ زاید بن سلطان النہیان کی فہم و فراست کی بدولت ممکن ہوا۔‘
وزیراعظم نے محدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور نائب صدر و دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے جدت کے اس سفر کو آگے بڑھایا۔‘
انہوں نے ’پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد‘ کے الفاظ کے علاوہ لکھا کہ ’پاکستان ہمیشہ سے متحدہ عرب امارات کا ثابت قدم بھائی اور شراکت دار رہا ہے۔‘
اسی طرح وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت کی جانب سے جاری کیے جانے والی مبارک باد کے پیغام میں کہا کہ ’قومی دن پر متحدہ عرب امارات  کی حکومت، پاکستان میں یو اے ای کے سفیر اور عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس پرمسرت موقع پر یو اے ای کے بہن بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہیں۔‘
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’یو اے ای کا قومی دن پاکستان کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یو اے ای نے ہمیشہ ہر آزمائش میں پاکستان کا ساتھ دیا اور وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یو اے ای کے ساتھ تعلقات پر پاکستان کو  فخر ہے۔‘

شیئر: